آئی پی ایل 2024 ، پنجاب نے گجرات کے جبڑوں سے فتح چھین لی 

10:41 AM, 5 Apr, 2024

 ویب ڈیسک :آئی پی ایل 2024 میں گجرات ٹائٹنز کا  بمقابلہ پنجاب کنگز، پنجاب نے آخری اوور میں گجرات کے جبڑوں سے فتح چھین لی ۔

۔ گجرات نے پہلے کھیلتے ہوئے 199 رنز بنائے۔ شبمن گل نے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ راہل تیوتیا نے بھی 23 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر  دھوم مچا دی۔ 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کی ٹیم مسلسل وکٹیں گنواتی رہی۔ کوئی بڑی شراکت داری بنانے  میں وہ کامیاب نہیں ہوسکی، لیکن اس دوران ششانک سنگھ نے پنجاب کو میچ میں واپس کردیا۔ ان کے علاوہ آخری اوورز میں اثر انگیز کھلاڑی کے طور پر آنے والے آشوتوش شرما نے طوفانی اننگز کھیلی اور پنجاب کنگز کو 3 وکٹوں سے جیتنے میں مدد دی۔

ایک وقت میں پنجاب نے 70 رنز پر 4 وکٹ گنوا دیے تھے، لیکن یہاں سے ششانک سنگھ نے ذمہ داری لی۔ آشوتوش کی 31 رنز کی طوفانی اننگز کی وجہ سے میچ زیادہ تر پنجاب کے حق میں رہا۔ لیکن جوش ایک بار پھر بڑھ گیا جب آخری اوور میں ان کی وکٹ گر گئی۔ چوتھی گیند پر ششانک کے بلے سے چوکا آیا اور اس کے بعد پانچویں گیند پر لیگ بائی رن کی وجہ سے پنجاب نے گجرات کے منہ سے فتح چھین لی۔

گجرات ٹائٹنز نے ردھیمان ساہا کا وکٹ جلد کھو دیا جو صرف 11 رنز بنا سکے۔ کین ولیمسن نے طویل عرصے بعد آئی پی ایل میں کوئی میچ کھیلا، اور 22 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ سائی سدرشن نے ایک بار پھر 19 گیندوں میں 33 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر متاثر کیا۔ دوسرے اینڈ سے کپتان شبمن گل باؤلرز کی مسلسل پٹائی کر رہے تھے جنہوں نے 48 گیندوں پر 6 چوکے اور 4 چھکے لگا کر 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ آخری اوورز میں راہل تیوتیا نے 8 گیندوں میں 23 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور گجرات کو 199 رنز کے اسکور تک پہنچا دیا۔

پنجاب کنگز کی جانب سے شکھر دھون اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا۔ دھون صرف 1 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔جونی بیرسٹو بہت اچھے ٹچ میں نظر آئے لیکن نور احمد کی جادوئی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے 13 گیندوں میں 22 رنز بنائے۔ پربھسمرن سنگھ نے اچھی شروعات کی لیکن نور احمد نے انہیں 35 رنز کے سکور پر آؤٹ کر دیا۔ ٹیم مسلسل وکٹیں کھو رہی تھی، لیکن ششانک سنگھ ایک سرے سے مضبوط کھڑے تھے۔ انہوں نے میچ میں ٹیم کی واپسی کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 61 رنز کی اننگز کھیل کر پنجاب کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب امپیکٹ کھلاڑی کے طور پر آئے آشوتوش شرما نے 17 گیندوں میں 31 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔

15ویں اوور کے بعد پنجاب کنگز کا سکور 5 وکٹوں پر 138 رنز تھا۔ اگرچہ 16 ویں اوور میں 15 رنز راشد خان نے دئے لیکن انہوں نے جیتیش کو بھی آؤٹ کیا۔ موہت شرما نے اگلے اوور میں صرف 6 رنز دیے جس سے آخری 3 اوورز میں 41 رنز درکار تھے۔ گجرات کے گیند بازوں نے اگلے 2 اووروں میں 34 رنز دیے جس سے پنجاب کو آخری اوور میں صرف 7 رنز درکار تھے۔ آخری اوور بھی سنسنی سے بھرپور تھا لیکن ایک گیند باقی رہ جانے پر پنجاب نے میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا۔

مزیدخبریں