نئی دہلی: (ویب ڈیسک) سابق انڈین جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرکے وزیر دفاع کو پیش کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ میں حادثے کے تمام حقائق موجود ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ 8 دسمبر کو انڈین ہیلی کاپٹر تمل ناڈو کے سلور ایئربیس سے ویلنگٹن میں ڈیفنس سروس اسٹاف کالج جاتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت سمیت 12 دیگر ہلاک ہو گئے تھے۔ ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات مکمل کرکے اس کی رپورٹ انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو سونپ دی گئی ہے۔ اس حادثے میں انڈین فضائیہ کا MI-17V5 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس کی جانچ ٹرائی سروسز کی ٹیم نے کی ہے۔ انڈین ایئر مارشل مانویندر سنگھ کی قیادت میں تحقیقاتی ٹیم نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو تفصیلی رپورٹ دی اور بتایا کہ یہ حادثہ کن حالات میں پیش آیا۔ اس کے ساتھ ٹیم نے یہ بھی بتایا کہ فضائیہ کا MI-17 ہیلی کاپٹر کیوں کریش ہوا۔ وزیر دفاع کے سامنے پریزنٹیشن کے دوران تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ فضائیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ انکوائری کمیٹی نے انڈین فضائیہ اور فوج کے متعلقہ افسران کے بیانات قلمبند کئے۔ اس کے ساتھ انہوں نے مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی جو اس حادثے کے عینی شاہد تھے۔ اس کے علاوہ حادثے سے قبل جس موبائل فون سے ویڈیو بنائی گئی اس کی بھی تحقیقات کی گئیں۔ جائے وقوعہ سے ایف ڈی آر یعنی فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر، تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس بھی برآمد ہوا۔ اس کا ڈیٹا بھی رپورٹ میں شامل کیا گیا ہے۔