پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی ، شاہ محمود قریشی

پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی ، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔ شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران ملک کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو خطوط لکھے کہ وہ 6 جون سے 10 جون تک اسمبلی میں پیش ہوکر استعفوں سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے استعفے پیش کرچکے، اس وقت کے پریذائڈنگ افسر قاسم سوری ان استعفوں کو قبول کرچکے ہیں، انہیں نوٹیفائی کرچکے ہیں، اس لیے اب اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہے، پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی کا کوئی ایم این اے اسپیکر راجا پرویز اشرف کے سامنے پیش نہیں ہوگا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ راناثنااللہ سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،اگر حکومت نے عمران خان کو گرفتار کیا تو اس کا شدید ردعمل آئےگا، کوئی سمجھتا ہے کہ قوم یا پی ٹی آئی کے کارکنان اس کو خاموشی سے برداشت کریں گے تو وہ غلط فہمی کا شکار ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔