امریکہ شدید گرمی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت 48.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان

امریکہ شدید گرمی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت 48.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان

ویب ڈیسک: امریکہ کے جنوب مغربی علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جب کہ آئندہ چند روز کے دوران صحرائی علاقے میں درجہ حرارت 48.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے لوگوں کو شدید گرم موسم سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس اور ریاست ایریزونا کے شہر فینکس میں درجہ حرارت 43.3 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہ سکتا ہے۔

نیشنل ویدر سروس کے مطابق بدھ تک جنوب مشرقی کیلی فورنیا سے وسطی ایریزونا تک پھیلا ہوا زیادہ تر علاقہ شدید گرم ہوگا اور پورے خطے میں روزانہ کا درجہ حرارت ریکارڈ بلند سطح تک پہنچ سکتا ہے۔

موسم گرما کی پہلی لہر ہفتے کے اختتام تک بحرالکاہل کے شمال مغربی علاقوں تک پھیلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ کچھ مقامات پر درجہ حرارت معمول سے 10 سے 20 ڈگری سیلسئس سینٹی گریڈ تک زیادہ ہوگا۔

کیلی فورنیا کے ریگستانی علاقے "ڈیتھ ویلی" نیشنل پارک میں پیر کو درجہ حرارت 43 اعشاریہ تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا اور جمعرات کو ڈیتھ ویلی میں درجہ حرارت 48.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی ہے۔

امریکہ کی سرحدی فورس نے پیر کو اطلاع دی تھی کہ ریاست ٹیکساس کے ایل پاسو علاقے کے قریب سرحد پار کرنے کی کوشش کے دوران گرمی کی وجہ چار تارکینِ وطن ہلاک ہو گئے تھے۔

بارڈر پیٹرول ایل پاسو سیکٹر کے سربراہ انتھونی گڈ نے تارکینِ وطن پر زور دیا ہے کہ وہ شدید گرمی میں سرحد پار کرنے کی کوشش نہ کریں۔

Watch Live Public News