وفاقی دارالحکومت میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) اور انتظامیہ نے آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی افغان بستی کو مسمار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے اسلام آباد کے مارگلہ ٹاؤن میں غیر قانونی افغان بستی مسمار کردی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے نے بتایا کہ موہریاں موچی موہڑا میں افغان شہریوں نے قبضہ کر رکھا تھا۔ آپریشن کرنے پر غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔ اسلام آباد پولیس نے مزاحمت کرنے والوں کو منتشر کردیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں حکومت کے فیصلے کے مطابق حکام 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد تارکین وطن کی غیر قانونی جائیدادوں اور کاروباروں کو نشانہ بنانے کیلئے آپریشن شروع کریں گے۔ کمیٹی نکی جانب ے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سرحد کے آر پار نقل و حرکت پاسپورٹ اور ویزوں سے مشروط ہوگی جب کہ الیکٹرانک افغان شناختی کارڈ (یا ای تذکرہ) صرف 31 اکتوبر تک قبول کیے جائیں گے۔ دوسری طرف حال ہی میں آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے اپنے ایک بیان میں اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ صوبے میں ہونے والے خودکش حملوں میں 75 فیصد خودکش حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے تھا۔