ویب ڈیسک: قلعہ بالاحصار پشاور میں منعقدہ خصوصی گرینڈ جرگہ میں ضلع خیبر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین کی جانب سے امن کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم اعلان کیا گیا۔
فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کی جانب سے منعقدہ جرگہ میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، کمشنر پشاور، ڈی سی خیبر، سی سی پی او پشاور، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلی سول و فوجی حکام سمیت ضلع خیبر کے مشران اور نوجوانوں نے شرکت کی۔
مقامی عمائدین نے جرگہ کے انعقاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ اعلان کیا کہ وہ ضلع خیبر میں امن کے لئے حکومت پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ فتنہ الخوارج کے خلاف اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
شرکاء نے ضلع خیبر میں سیکیورٹی اور امن کے حوالے سے اقدامات کاجائزہ لیا۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ ضلع خیبر میں امن کے لئے پاک فوج، فرنٹیئر کور نارتھ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں اور کسی فرد یا گروہ کو ضلع میں امن کو خراب کرنے نہیں دیا جائے گا۔
حکام نے علاقہ مشران پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ علاقہ میں حکومت پاکستان کے ذیلی اداروں کے شانہ بشانہ فتنہ الخوارج کے خلاف متحرک ہوں۔ عوام میں بھی اس بات کی آگاہی پیدا کی جاۓ تاکہ وہ فتنہ الخوارج کے پروپیگنڈہ سے آگاہ رہیں۔
جرگہ میں شامل لنڈی کوتل، جمرود، باڑہ اور وادئ تیراہ کے مشران نے امن کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔
اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ *حکومت پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں اور کسی بھی فرد یا عناصر کو امن خراب نہیں کرنے دیں گے۔
مشران نے کہا کہ جرگہ کا انعقاد خوش آئند ہے اور مقامی عوام اور پاک فوج مل کر امن کو یقینی بنائیں گے۔ اس طرح کے جرگہ علاقہ میں امن کے لئے واضح پیغام ہیں۔