(ویب ڈیسک) فیصل آباد کے علاقے دیپالپور میں عوام کو سرمایہ کاری کے نام پر لوٹنے والا منظم نیٹ ورک پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل فیصل آباد اور کمپوزٹ سرکل ساہیوال نے مشترکہ کارروائی کی۔ ایف آئی اے کا بڑا ایکشن، پونزی اور ایم ایل ایم فراڈ میں ملوث منظم گروہ کا اہم ساتھی گرفتار کرلیا گیا۔ آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں سے فراڈ کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی گئی۔
دیپالپور میں سرمایہ کاری فراڈ کے منظم نیٹ ورک پر ایف آئی اے نے چھاپہ مارا۔ فراڈ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ 34 لاکھ روپے نقد اور گاڑی برآمد کرلی گئی۔اس کے علاوہ سرمایہ کاری فراڈ نیٹ ورک سے 23 سمز، 8 اے ٹی ایم کارڈز اور 5 موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں ۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ فراڈ نیٹ ورک مبینہ طور پر پونزی اور ایم ایل ایم اسکیموں کے ذریعے شہریوں کو لوٹتا تھا، منظم نیٹ ورک مبینہ طور پر بے نامی اور تیسرے فریق کے اکاؤنٹس کے ذریعے رقم منتقل کرتا تھا۔
ایف آئی اے نے سرمایہ کاری فراڈ نیٹ ورک کے سرغنہ کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کردی ہے۔ دیپالپور میں پکڑے گئے سرمایہ کاری فراڈ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی تلاش جاری ہے۔ فراڈ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی، جرائم سے حاصل رقم کی مالیاتی ٹریسنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔