ویب ڈیسک: پاکستان کے اوپنر فخر زمان نے سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
36 سالہ فخر زمان نے یہ سنگِ میل اپنے کیریئر کے 97ویں ون ڈے میچ میں عبور کیا اور پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے 16ویں بیٹر بن گئے۔
فخر زمان نے فائنل میں صرف 84 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 99 گیندوں پر 127 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر بولڈ ہوگئے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری اور ہدف کے تعاقب میں چوتھی سنچری ہے۔
وہ اب تک 97 میچز کی 96 اننگز میں 4 ہزار 16 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 12 سنچریاں اور 20 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز انضمام الحق کے پاس ہے، جبکہ محمد یوسف دوسرے اور سعید انور تیسرے نمبر پر ہیں۔