(ویب ڈیسک ) ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے باغ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں میں سرغنہ باتور بھی شامل جبکہ 3 خارجی زخمی ہوئے ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں خوارج کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے آپریشن کے دوران خوارج کو موثر انداز میں نشانہ بنانے، 4 دہشتگرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے میں سیکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا ۔صدر مملکت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی:
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے خارجی سرغنہ سمیت چار خارجیوں کو جہنم واصل کرنے اور تین کو زخمی کرکے گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف بھی کی.
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے.دہشتگردی کے ملک سے خاتمے کیلئے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ 4 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والی سکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں پر ناز ہے۔خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک ملائے۔قوم سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز انتہائی پروفیشنل اور باصلاحیت ہیں۔ قوم سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔