سنگین نتائج کی دھمکیاں: دانیا شاہ نے سرکاری سیکیورٹی مانگ لی

سنگین نتائج کی دھمکیاں: دانیا شاہ نے سرکاری سیکیورٹی مانگ لی
کیپشن: سنگین نتائج کی دھمکیاں: دانیا شاہ نے سرکاری سیکیورٹی مانگ لی

ویب ڈیسک: مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ کو دوسری شادی کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنے لگیں جس کے بعد دانیہ اور اُن کے شوہر حکیم شہزاد المعروف لوہا پھاڑ نے سرکاری سیکیورٹی مانگ لی ہے۔

ملتان ہائیکورٹ بینچ کے جسٹس عاصم حفیظ نے دانیہ شاہ اور ان کے شوہر حکیم شہزاد احمد کی سیکیورٹی فراہمی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے کہا کہ انٹرنیشنل نمبرز سے کال کرکے دانیہ شاہ کو دوسری شادی پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، متعلقہ تمام اداروں نے رپورٹ بھی لکھ کر دی کہ انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے مگر ابھی تک انہیں سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی ہے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار نے کہا کہ ہوم سیکرٹری پنجاب کو درخواست دی کہ انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے جس کے اخراجات بھی وہ ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق حکیم شہزاد کو دھمکی دی گئی کہ وہ فوری دانیہ شاہ کو طلاق دیں اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو اُنہیں گولی مار دی جائے گی۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ دانیہ شاہ نے پہلی شادی معروف مذہبی اسکالر عامر لیاقت حسین سے کی تھی، اُن کی وفات کے بعد عدت مکمل ہونے پر دانیہ شاہ نے دوسری شادی حکیم شہزاد احمد سے کی اور اب وہ اپنے شوہر کے ساتھ شجاع آباد کے نواحی علاقے شاہ پور میں مقیم ہیں۔

ملتان ہائی کورٹ بنچ کے جسٹس عاصم حفیظ نے ڈپٹی کمشنر اور سی پی او ملتان سے 17 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دانیہ شاہ نے اپنے ویڈیو بیان کے ذریعے حکیم شہزاد نامی اپنے وکیل سے دوسری شادی کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد اس جوڑے نے اپنے ولیمے کی تقریب کا انعقاد بھی کیا تھا۔

Watch Live Public News