میجرشبیر شریف نشان حیدر کا 51 واں یوم شہادت

میجرشبیر شریف نشان حیدر کا 51 واں یوم شہادت
دشمن فوج کے سامنے چٹان بن کربہادری سے لڑتے ہوئے جان قربان کرنے والے شبیرشریف نشان حیدر کا آج 51 واں یوم شہادت ہے۔ دو جنگوں میں بہادری کی تاریخ رقم کرنے والے میجرشبیرشریف نشان حیدر کا 51 واں یوم شہادت آج منایاجارہا ہے یہ وہ واحد فوجی جوان ہیں کہ جنہیں دو بڑے فوجی اعزازات سے نوازا گیا ہے۔میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1943ء کو گجرات کے گاؤں کُنجاہ میں ریٹائر فوجی رانا محمد شریف کے گھر پیدا ہوئے تھے۔ سن 1961 کے دوران ہی پاک آرمی میں شمولیت اختیار کی اور پی ایم اے لانگ کورس میں اپنے بیچ کے بہترین سپاہی قرار پائے اور اعزازی شمشیر بھی حاصل کی۔ 19 اپریل 1964کوفرنٹیرفورس رجمنٹ میں تعیناتی ہوئی اور 1965 میں لیفٹیننٹ ، 1966 میں کیپٹن اور 1970 میں میجر کے رینک پر ترقی پائی۔میجر شبیر شریف کو سن 1965 کی پاک بھارت جنگ میں بہادری سے لڑنے پر ستارہ جرأت سے نوازا گیا تھا۔ سن 1971 کو 3 دسمبر کو جنگ کے دوران سلیمانکی سیکٹرمیں سلیمانکی ہیڈورکس پر بھارت کی فوج کے دانت کھٹے کیے تھے جب کہ 4 اور 5 دسمبرکو بھاری توپ خانے اور ٹینکوں کا مقابلہ بھی کیا تھا۔میجرشبیرشریف نے 43 بھارتی سپاہیوں کو مارگرایا تھا، 38 کو جنگی قیدی بنایا تھا اور دشمن کے4 ٹینک تباہ کیے تھے۔ میجرشبیرشریف شہید 6 دسمبرکو حملے کو ناکام بناتے ہوئے بھارتی ٹینک کے گولے کا نشانہ بن گئے تھے، بہادری سے جان قربان کرنے پر میجر شبیر شریف کو نشان حیدرسے نوازا گیا تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔