"جنگلات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے"

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان سے مختلف پارلیمنٹیرینز نے ملاقات کی، ملاقات میں متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ترقیاتی امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے سیفران صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، صوبائی وزیر پنجاب سردار محمد آصف نکئی، ممبران قومی اسمبلی میاں شفیق آرائیں، ملک عمر اسلم، محمد امیر سلطان، پرنس نواز الائی، حیدر علی خان اور ممبر صوبائی اسمبلی زبیر احمد ملاقات کی۔ اس ملاقات میں معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے صاحبزادہ محبوب سلطان کی جانب سے ضلع جھنگ میں نئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، شفیق آرائیں کی جانب سے لودھراں میں ریلوے انڈرپاس کی تعمیر کی درخواست پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ شفیق آرائیں نے ملتان لودھراں روڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کی منظوری پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

حیدر علی خان کی جانب سے سوات میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے لئے جانے والے اقدامات اور مستقبل میں سیاحت کے مزید فروغ کے حوالے سے مجوزہ اقدامات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ، ماحولیات اور جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے سوات موٹروے کی توسیع کی درخواست پر عملدرامد کی بھی یقین دہانی کرائی۔

پرنس نواز الائی نے بٹگرام میں گرڈ اسٹیشن اور سڑک کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بٹگرام میں وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی کی بدولت علاقے میں سیاحت کا فروغ ہوگا، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کو روزگار میسر ہوگا۔

وزیراعظم نے سروے آف پاکستان کے تحت بٹگرام اور کوہستان کے درمیان باؤنڈری کے جلد نوٹیفکیشن کی درخواست پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

Watch Live Public News