ایلون مسک کی جگہ ایک خاتون لینڈا یاکارینو نے ٹوئٹر سی ای او کا عہدہ سنبھال لیا

ایلون مسک کی جگہ ایک خاتون لینڈا یاکارینو نے ٹوئٹر سی ای او کا عہدہ سنبھال لیا
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کا عہدہ چھوڑ دیا ہے ، ان کی جگہ ایک خاتون لینڈا یاکارینو نے ٹوئٹر سی ای او کا عہدہ سنبھال لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 6 جون کی صبح ایک ٹوئٹ میں انہوں نے ٹوئٹر کے سی ای او کے عہدہ سنبھالنے کے بارے میں آگاہ کیا ۔ واضح رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے 12 مئی کو اعلان کیا تھا کہ ان کی جگہ لینڈا یاکارینو آئندہ 6 ہفتوں میں ٹوئٹر کی سی ای او بن جائیں گی۔ لینڈا یاکارینو نے کئی سال تک این بی سی یونیورسل میں متعدد برسوں تک اشتہارات کے شعبے کے سربراہ کے طور پر بھی کام کیا ہے۔ اس وقت انہوں نے ٹوئٹر کی سربراہی سنبھالی ہے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی اشتہاری آمدنی میں نمایاں کمی آئی ہے اور وہ اسے بدلنے کی کوشش بھی کریں گی۔ اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں خریدا تھا جس کے بعد سےہی اشتہارات فراہم کرنے والے اداروں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے دوری اختیار کرنا شروع کر دی تھی۔ ایلون مسک نے کمپنی کے لگ بھگ 80 فیصد ملازمین کو نکال دیا اور کچھ عرصے قبل تسلیم کیا تھا کہ ٹوئٹر کی اشتہاری آمدنی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ایلون مسک کا کہنا تھا کہ لینڈا یاکارینو ٹوئٹر کو سپر ایپ بنانے میں مدد فراہم کریں گی مگر اشتہاری صنعت کی ماہر کو سی ای او بنانے سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ ڈیجیٹل اشتہارات اب بھی اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے بزنس کی بنیاد ہیں۔ ایلون مسک کے مطابق اپنی جگہ لینڈا یاکارینو کو لانے سے انہیں ٹیسلا کمپنی کے لیے زیادہ وقت مل سکے گا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔