سوڈان :پیرا ملٹری گروپ( آر یس ایف)  کا گاؤں پر حملہ،  100 افراد ہلاک

سوڈان :پیرا ملٹری گروپ( آر یس ایف)  کا گاؤں پر حملہ،  100 افراد ہلاک

(ویب ڈیسک )حکام  کے مطابق  بدھ کے روز سوڈان کے گیزیرہ صوبے کے ایک گاؤں پر  پیراملٹری  ریپڈ سپورٹ فورسز کے حملے کے بعد کم از کم 100 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

دارفور صوبے کے گورنر  نے ایکس پر بیان میں کہا کہ  گیزیرہ کے گاؤں ود النورہ پر ریپڈ سپورٹ فورسز کے حملوں  کے  متاثرین میں خواتین، بچے اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔

پیراملٹری فورسز کے دستے ، جو ایک سال سے سوڈانی فوج کے خلاف برسرپیکار ہے، نے گاؤں کا محاصرہ کرنے اور حملہ کرنے کے لیے بھاری توپ خانے کا استعمال کیا۔ 

مدنی مزاحمتی کمیٹی، جسے ماضی میں آر ایس ایف کی طرف سے دھمکیاں اور حملوں کا سامنا رہا ہے، نے  پیرا ملٹری دستوں پر الزام عائد کیا کہ وہ بدھ کی صبح شروع ہونے والے حملوں کے دوران واد النورا کو لوٹ رہے ہیں۔

آر ایس ایف نے دسمبر میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے سوڈانی دارالحکومت خرطوم سے تقریباً 100 کلومیٹر (60 میل) جنوب مشرق میں واقع واد مدنی کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے ، جو لڑائی سے بے گھر ہونے والے لاکھوں لوگوں کی پناہ گاہ ہے۔

سوڈان کی عبوری حکومت نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر ایک بیان میں حملوں کی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ آر ایس ایف کو جوابدہ ٹھہرائے۔

آر ایس ایف نے ایکس پر  الزام لگاتے ہوئے کہا کہ   سوڈانی فوج  المناقل ضلع کے مغرب میں جبل الاولیاء میں ہمارے  فوجیوں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا۔تاہم  ایسوسی ایٹڈ پریس اس الزام کی تصدیق نہیں کر سکا۔

پیرا ملٹری گروپ نے کہا کہ  اس نے واد النورا کے مغرب، شمال اور جنوب میں تین کیمپوں پر حملہ کیا جہاں سوڈانی فوج کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔

آر ایس ایف نے اپنے بیان میں کہا، "ہماری افواج دشمن کی کسی بھی حرکت یا اجتماع کے سامنے خاموش نہیں رہیں گی اور دشمن کا پیچھا کرنے اور اسے شکست دینے کے لیے کام کریں گی۔"

خیا ل رہے کہ  آرایس ایف  اور سوڈانی فوج کے درمیان جنگ نے ملک کو تباہ کر دیا ہے کیونکہ جھڑپیں متعدد شہروں میں پھیل گئی ہیں اور اس کی آبادی کو قحط کے دہانے پر دھکیل دیا گیا ہے۔ 14000 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ  لاکھوں بے گھر ہیں۔

Watch Live Public News