پاکستان کی سیاسی قیادت کا پاک افواج کو خراج تحسین

پاکستان کی سیاسی قیادت کا پاک افواج کو خراج تحسین
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان بھر کی سیاسی قیادت ، حکومتی اور اپوزیشن کے سیاستدانوں نے یوم پاکستان پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا ہے کہ پاک افواج نے ہمیشہ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹائی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے یوم دفاع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج کے دن ہمارے سر اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجالاتے ہیں کہ اس نے ہمیں کئی گنا بڑے دشمن پر فتح عطا فرمائی ، 1965 میں آج کے دن قوم نے بے مثال یک جہتی سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی تھی ، ہماری بہادر افواج نے زمین، فضاءاور سمندروں میں دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کو فتح سے ہمکنار کیا، آج کا دن پاکستانی قوم اور مسلح افواج کے اتحاد سے تاریخی فتح کا پرمسرت دن ہے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم دفاع کے موقع پر پاک فوج کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے ہمارے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے ، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک کو ایٹمی قوت اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے میزائل ٹیکنالوجی دیکر ملک کو ناقابل شکست بنایا ۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں، فوجی جوانوں کا غیرمتزلزل عزم اور عوام کا ناقابل تسخیر اتحاد ہماری طاقت اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے ہے، یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ، اس کے نظریے اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے، یہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے، جنہوں نے قوم کو ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے یوم دفاع پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان کا پاس دنیا کی بہترین افواج موجود ہے، پاکستانی افواج جیسے جذبے اور جرات کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، الحمدللہ پاکستان کا دفاع مضبوط ترین ہاتھوں میں ہے، یہ دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے. صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ 6ستمبر1965کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا بے مثال دن تھا، پاک فوج نے آج کے دن دشمن کو ناکوں چنے چبوائے ہیں،پاک وطن کے عظیم جانبازوں نے وطن کی مٹی کی خاطر بہادری کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔

Watch Live Public News