اسلام آبادہائیکورٹ نےعمران خان سےملاقات کیلئے10ہزارفیس مقرر کردی

اسلام آبادہائیکورٹ نےعمران خان سےملاقات کیلئے10ہزارفیس مقرر کردی
کیپشن: اسلام آبادہائیکورٹ نےعمران خان سےملاقات کیلئے10ہزارفیس مقرر کردی

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جیل ٹرائل کے دوران وکلاء کے ہر وزٹ پر 10ہزار روپے فیس مقرر کردی۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء کو ٹرائل کیلئے اڈیالہ جیل داخلے سے روکنے کیخلاف درخواست پر سماعت اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار وکلاء لوکل کمشنر کوہر وزٹ پر 10ہزار روپے ادا کریں گے ،بانی پی ٹی آئی کے ہر وکیل کے ساتھ 3ایسوسی ایٹ جیل ٹرائل میں جائیں گے۔

 پراسیکیوٹر جنرل نے کہاکہ 3 ایسوسی ایٹ ساتھ لے جانے کا آرڈر نہ کریں وہاں جگہ بھی کم ہے۔

جسٹس اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیئے کہ جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ بھی تو آپ نے کیا ہے،اگر ملزم 900 وکیل بھی کرنا چاہتا ہے تو ان کو اجازت ہوگی،جب جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے تو اس وقت دیکھ لیتے کہ کیا پیچیدگیاں ہونگی،آپ پبلک کے لوگوں کو کم کردیں، متعلقہ لوگوں کو جانے کی اجازت دیں۔

جسٹس اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیئے کہ اگر ایسا ہے تو میں کمرہ عدالت میں موجود پبلک کے لوگوں کی بک طلب کروں گا،دیکھا جائے گا کہ کمرۂ عدالت میں موجود ان لوگوں کو وکلاء اور صحافیوں پر ترجیح کیوں دی گئی۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر جنرل اور نعیم حیدر پنجوتھا میں تلخ کلامی ہوگئی۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیئے اس بڑی جنگ میں آپ وکلاء اپنا ڈیکورم کیوں خراب کررہے ہیں؟عدالت نے 3 وکلاء پر مشتمل کمیشن قائم کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

Watch Live Public News