اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک نئی انعامی سکیم متعارف کرائی ہے، جس کے تحت ڈالر جمع کرانے پر انعام دیا جائے گا۔ مرکزی بینک کی جانب سے اعلان کردہ اس نئی سکیم کے تحت منی چینجرز جتنے ڈالرز بینک میں جمع کرائیں گے، اتنے ہی روپے انعام حاصل کر پائیں گے۔ اس سکیم کے تحت ایکسچینج کمپنیوں کو موصول ہونے والی 100 فیصد ترسیلات زر انٹر بینک مارکیٹ میں شامل کرنی ہوں گی اور ہر شامل کردہ امریکی ڈالر کے عوض انہیں ایک روپیہ ملے گا۔ اس سے قبل ایکسچینج کمپنیوں پر لازم تھا کہ وہ ترسیلات زر کا کم از کم 15 فیصد انٹر بینک مارکیٹ میں شامل کریں۔ سکیم پر عملدرآمد کے لئے سٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے آنے والی ترسیلات سے متعلق ضابطے میں ترمیم کی ہے۔ اب ایکسچینج کمپنیاں آنے والی ترسیلات زر کی مد میں موصولہ 100 فیصد زر مبادلہ مساوی امریکی ڈالر میں اسی روز انٹر بینک مارکیٹ میں شامل کریں گی۔ پاکستان کے مرکزی بینک کے مطابق چونکہ ایکسچینج کمپنیاں کافی مقدار میں ترسیلات زر وصول کرتی ہیں اس لئے اس سکیم سے انٹر بینک مارکیٹ میں زرمبادلہ کی سیالیت بہتر ہوگی۔ مزید برآں فراہم کردہ ترغیب سے متوقع طور پر تمام ایکسچینج کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ مزید ترسیل کنندگان اور پاکستان میں ان کے وصول کنندگان سے رابطے کریں اور زیادہ سے زیادہ ترسیلات زر لانے کی کوشش کریں۔