ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کل ہوگی

ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کل ہوگی

(ویب ڈیسک ) الیکشن کیلئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا ہے ۔ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کل ہوگی۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن   کا کہنا ہے کہ  ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔

کل ہونے والی پولنگ کیلئے  14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ الیکشن کیلئے ذمہ داریاں انجام دے گا، ہر حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن  آف پاکستان کے مطابق  پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز پسندیدہ امیدواروں  کو ووٹ دیں گے۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 نشستوں پر صوبے کے 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے جبکہ  بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر 53 لاکھ 71 ہزار 947 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد  سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

ای سی پی نے بتایا کہ 4انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ  ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس جبکہ 29 ہزار 985 حساس قرار دیا گیا ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پاک فوج تعینات ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق   پولنگ اسٹیشنوں پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے گئے ہیں۔

الیکشن نتائج کی ترسیل و تدوین کیلئے الیکشن منیجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) استعمال کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے بتایا کہ  انتخابی سامان کی پولنگ اسٹیشن تک ترسیل، گنتی اور اس کی ریٹرننگ افسران کے دفاتر تک واپسی کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کی ہوگی۔