لاہور ( پبلک نیوز) بلوچستان میں بارشوں اور برفباری نے تباہی مچادی۔ کیچ میں درجنوں مکانات سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ اوتھل کے دور افتادہ علاقے شفیع محمد شاہوک میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بہن بھائی جاں بحق جبکہ والدین زخمی ہوگئے۔ بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سےجاری ہے۔ گوادر، کیچ اور دیگر کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ گندھاوا اور اطراف کےعلاقوں میں شدید بارش سے برساتی نالے ابل پڑے۔ شدید بارشوں اور طغیانی کے باعث رابطہ سڑکیں متاثر ہیں۔ مختلف علاقوں کا کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا۔ طور پل پر سیلابی ریلہ مسافروں سمیت گاڑی کو بہا لے گیا۔ اوتھل میں دور افتادہ پہاڑی علاقے شفیع محمد شاہوک میں مکان کی چھت گر گئی، 3 بہن بھائی جاں بحق اور ان کے والدین زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب پہاڑوں پر برفباری کے سبب کوئٹہ چمن شاہراہ کو ہرقسم کی ٹریفک کےلیے بند کردیا گیا ہے۔ راستوں کی بندش کے باعث ایک ہزار سے زائد مسافر گاڑیاں پھنس گئیں۔۔ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ افواج پاکستان بھی انتظامیہ کی مدد میں پیش پیش ہیں۔ بلوچستان کے دور دراز ساحلی علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔ خوراک، پینے کاصاف پانی اور دیگرضروریات زندگی فراہم کی گئی ہیں۔ میڈیکل کیمپس میں علاج معالجے کی بھی سہولیات دی جا رہی ہیں۔