ویب ڈیسک: (علی زیدی) سپریم کورٹ میں تین ججز کی خالی نشستوں پر تقرری کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔جوڈیشل کونسل نے 3 ججز کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی کو سُپریم کورٹ کا جج بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم ہوگیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد کے نام کی سفارش کر دی گئی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل عباسی کے نام کی بھی سفارش کر دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد بلال کو بھی سپریم کورٹ لانے کی سفارش کر دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سپریم کورٹ تقرری کا فیصلہ پانچ ممبران کی اکثریت سے ہوا۔ جسٹس ملک شہزاد احمد کی سپریم کورٹ تقرری کی جوڈیشل کمیشن کے چار ممبران نے مخالفت کی۔
جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سپریم کورٹ تقرری کی مخالفت کی۔ جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس ر منظور ملک نے بھی مخالفت کی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس امین الدین نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقرری کی حمایت کی۔ اٹارنی جنرل، وزیر قانون اور نمائندہ پاکستان بار اختر حسین نے بھی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نام کی حمایت کی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل عباسی اور جسٹس شاہد بلال کے ناموں کی سفارش متفقہ طور پر کی گئی۔
جوڈیشل کمیشن نے حتمی منظوری کیلئے معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے تینوں ججز کے ناموں کی منظوری دیدی ہے۔