ایران نے تل ابیب کو تباہ کرنے کی دھمکی دیدی

ایران نے تل ابیب کو تباہ کرنے کی دھمکی دیدی
تہران (ویب ڈیسک) ایران نے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہمارا جواب ہیفا اور تل ابیب کی تباہی ہوگا، اسرائیل کے اقدامات 'مایوس کن کوششوں کے علاوہ کچھ نہیں ہیں۔ایک بیان میں ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی نے کہا کہ اسرائیلی وزیر دفاع کا حملہ کرنے کا بیان کھلی دھمکی ہے جس کے دوران میں ہم صرف یہی کہہ سکتے ہیں کہ ہم اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور عالمی برادری کو یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مزید برآں تہران میں آئرش وزیر خارجہ سیون کوونی سے ملاقات کے دوران ایرانی صدر صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران واحد ملک ہے جس نے ایٹمی معاہدے کو برقرار رکھنے کی قیمت ادا کی اور یہ صورتحال اس طرح برقرار نہیں رہ سکتی ہے۔جوہری معاہدہ کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار داد پر تمام فریقوں کو عمل کرنا چاہیے۔ان کا ملک امریکہ کیساتھ معاہدہ کی معطلی کے باوجود بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی وزیر دفاع بینی گانٹز نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اسرائیلی فوج ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کرنے کے لئے اپنی تیاریوں میں مسلسل بہتری لا رہی ہے، اور وہ اس پر عمل کرنے کے لئے تیار ہے۔ اسرائیل نے ایران میں بہت سے اہداف کا پتہ لگا لیا ہے۔اگر دنیا ایران کو روکتی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے۔ ورنہ، ہم اپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔