بنکاک: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے آنجہانی کرکٹر شین وارن کی موت کی تحقیقات کرنے والی تھائی لینڈ کی انوسٹی گیشن ٹیم نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں کمرے سے خون پڑا ملا ہے۔ خیال رہے کہ تھائی لینڈ کے حکام نے اعلان کیا تھا کہ وہ آنجہانی کرکٹر شین وارن کی اچانک موت کی تحقیقات کریں گے۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی انوسٹی گیشن ٹیم بنائی گئی ہے جو موت سے جڑے پہلوئوں پر تفتیش کر رہی ہے۔ انوسٹی گیشن ٹیم نے ابتدائی رپورٹ میں حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہوٹل کے اس کمرے میں جہاں لیجنڈ کرکٹر شین وارن کی موت واقع ہوئی، وہاں تلاشی کا عمل شروع کیا تو انھیں ایسی چیز ملی جس سے وہ دنگ رہ گئے۔ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمرے کی تلاشی کے دوران انھیں شین وارن کے زیر استعمال تولیے اور کمرے سے خون کے دھبے ملے تھے۔ اس سنسنی خیز سراغ سے تفتیش کا رخ بدل سکتا ہے۔ خیال رہے کہ شین وارن ان دنوں تھائی لینڈ کے جزیرے کوہ ساموئی میں چھٹیاں گزار رہے تھے، وہاں انہوں نے ایک ولا رینٹ پر لیا ہوا تھا، یہی دنیائے کرکٹ کے اس لیجنڈ کھلاڑی نے اپنی زندگی کی آخری سانسیں لی تھیں۔ دوسری جانب شین وارن کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے تھائی لینڈ کے معروف ہسپتال لے جایا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آنجہانی کرکٹر کے سینے میں درد ہوا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی لیجنڈ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے خیال رہے کہ 4 مارچ کو دنیا کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن 52 سال کی عمر میں چل بسے تھے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق شین وارن تھائی لینڈ کے علاقے کو ساموی میں اپنے ولا میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا۔ میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 145 ٹیسٹ میں 708 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلوی لیجنڈ نے 194 ایک روزہ میچز میں 293 اور 73 ٹی ٹوئنٹی میں 70 وکٹیں حاصل کی تھیں۔واضح رہے کہ یہ خبر آسٹریلیائی کرکٹ کے لیے 24 گھنٹوں کے اندر دوسرا بڑا دھچکا ہے، اس سے قبل آسٹریلوی کرکٹر راڈ مارش بھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ شین وارن نے 12 گھنٹے قبل کیے گئے اپنی ٹوئٹ میں سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر راڈنی مارش کے انتقال پر اظہار افسوس کیا تھا تاہم وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ وہ بھی اس دنیا میں چند گھنٹوں کے مہمان ہیں۔