ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس ، ہم سنجیدہ ہیں بھارت بھی سنجیدگی دکھائے ، امریکا

miller & nijjer case
کیپشن: miller & nijjer case
سورس: google

ویب ڈیسک : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے گزشتہ دنوں کینیڈا میں ہونے والے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نِجر کے قتل پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، ہم بھارتی تفتیش کے نتائج کا انتظار کریں گے۔

 واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے خالصتان تحریک کے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نِجر کے قتل میں ملوث بھارتی شہریوں کی کینیڈا میں گرفتاریوں کے حوالے سے سوال کیا، جس کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا’ کینیڈا میں حالیہ گرفتاریوں پر میں آپ کو کینیڈا کے حکام سے رجوع کرنے کا کہتا ہوں۔‘

میتھیو ملر نے کہا کہ بھارت کو ان معاملات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے الزامات کی تحقیقات کرنی چاہئیں، اس معاملے پر کمیٹی کی تفتیش جاری ہے، ہم بھارتی تفتیش کے نتائج کا انتظار کریں گے، معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور بھارت کو بھی یہ معاملہ سنجیدگی سے لینا چاہیے۔

 پریس بریفنگ میں میتھیو ملر نے کہا کہ اسرائیل حماس کی جانب سے جنگ بندی کے لیے قبول تجویز کا جائزہ لے رہا ہے، اسی طرح امریکا بھی جنگ بندی تجویز پر حماس کے ردعمل کا جائزہ لے رہا ہے۔

میتھیوملر نے کہا کہ خطے میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، جنگ بندی معاہدہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے مفاد میں ہے، معاہدہ غزہ میں فوری جنگ بندی لائے گا اور غزہ میں انسانی امداد کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوگا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں میں معاہدے تک پہنچنے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔