سی ٹی ڈی کا خفیہ آپریشن، کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا

سی ٹی ڈی کا خفیہ آپریشن، کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا

کراچی (پبلک نیوز) شاہ لطیف میں کاؤنٹر ٹیراریزم ڈپارٹمنٹ پولیس کی خفیہ اطلاع پر آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف میں کاؤنٹر ٹیراریزم ڈپارٹمنٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر دپشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا، آپریشن کے دوران چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بم سے حملہ کردیا۔ فائرنگ کی تڑتڑاہٹ اور دھماکے سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ کاؤنٹر ٹیراریزم ڈپارٹمنٹ پولیس نے مقابلے کے دوران پورے علاقے کو گھیر ے میں لے لیا اور علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔ مرے جانے والے دہشت گرد کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ شبہ ہے کہ دہشت گرد کراچی میں بڑی کارروائی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے تحقیق کا عمل جاری ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضہ سے بارود سے بھرا رکشہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور شاہ لطیف بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا۔