پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کو 10مئی شام 6بجے تک اجازت

پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کو 10مئی شام 6بجے تک اجازت

لاہور ( پبلک نیوز) پنجاب حکومت کا بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ کو 10مئی شام 6بجے تک اجازت دینے کا فیصلہ۔

تفصیلات کے مطابق 10مئی شام6بجے سے15مئی صبح 6بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہو گی۔ فیصلہ سول سیکرٹریٹ میں کورونا وباء کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد،چیف سیکرٹری پنجاب اور اعلی سول وعسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوروناکے پھیلاؤ کوروکنے، ویکیسنیشن سنٹرزکی تعدادکوبڑھانے ودیگراقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

راجہ بشارت نے کہا کہ کورونا وباء کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جاتا ہے۔ کورونا سے بچاؤ کا واحد حل احتیاط ہے۔ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کسی بھی ویکسینیشن سنٹرپرویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔ روزانہ کی بنیاد پرایک لاکھ سے زائد افرادکی ویکسینیشن کی جارہی ہے۔ ویکسینیشن کرنے کی صلاحیت میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت پر کورونا ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ امید ہے اگر لوگوں نے لاک ڈاؤن کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کر لیا تو وباء میں کمی آئے گی۔ عوام کے تعاون کے بغیر کوروناکے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔

چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق حکومت کے لیے لوگوں کی صحت اور زندگیوں کا تحفظ سب سے اہم ہے۔ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ مفاد عامہ میں کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔