ویب ڈیسک: گندم کی درآمد اور مبینہ کرپشن پر جوڈیشل انکوائری کروانے کیلئے دائر درخواست دوسری عدالت میں بھجوانے کیلئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے گندم کی درآمد اور مبینہ کرپشن پر جوڈیشل انکوائری کروانے کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے گندم بحران پر تاحال کوئی کمیشن قائم نہیں کیا، نگران حکومت کے پاس گندم درآمد کرنے کا استحقاق نہیں تھا، نگران حکومت کے جو لوگ گندم بحران میں شامل ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوران سماعت درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کی توجہ دلاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ گندم کی پیداوار کے حوالے سے جسٹس شاہد کریم کیس سن رہے ہیں، اس کیس کو بھی جسٹس شاہد کریم کی عدالت بھجوایا جائے۔
بعدازاں جسٹس شجاعت علی خان نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس جسٹس شاہد کریم کے پاس بھجوانے کے لیے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی۔