پاکستان میں سویڈش سفارتخانے نے اپنے آپریشنز محدود کر دیئے

پاکستان میں سویڈش سفارتخانے نے اپنے آپریشنز محدود کر دیئے
اسلام آباد: سویڈن میں مسلمانوں کی دل آزاری کے بڑھتے واقعات کے باعث پاکستان میں سوئڈش سفارتخانے نے اپنے آپریشنز محدود کر دیئے ہیں ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ویزا آپریشن بھی محدود کر دیا گیا، سفارتخانہ میں پاکستانی اسٹاف بھی محدودکر دیا گیا، کنٹریکٹ اسٹاف کو عارضی طور پر ملازمت سے فارغ کر دیا گیا، مستقل اسٹاف کی اکثریت کو بھی تاحکم ثانی دفتر نہ آنے کی ہدایت کر دی گئی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سویڈش سفارتخانے نے تمام اقدامات سکیورٹی خدشات کی بنا پر کیے، سویڈن کا سفارتخانہ پہلے سے سفیر کے بغیر کام کر رہا تھا۔ سفارتخانے کے ان غیرمعمولی اقدامات پر سویڈش یونیورسٹیز نے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو پریشان کر دیا۔ویزا آپریشن محدود ہونے کے باعث طلبہ کو ویزوں کے حصول میں پہلے ہی مشکلات تھیں۔ اب سویڈش یونیورسٹیز نے اپنے طلبہ میں سفارتخانہ کی بندش کی اطلاع پھیلا دی۔ وزارت خارجہ نے تمام صورتحال پر سویڈش حکومت اور سفارتخانے سے رابطہ کیا ہے۔دفتر خارجہ حکام کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کے نام پر سفارتخانوں جو اقدامات اٹھائے گئے وہ پاکستانی طلبہ میں پریشانی کا باعث ہیں، صورتحال دیکھ رہے ہیں اور اس میں بہتری کے لئے کوشاں ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سویڈش حکام کی جانب سے وزارت خارجہ کو صرف اتنا بتایا گیا کہ سفارتخانہ بند نہیں کیا گیا، امید ہے حالات جلد بہتر ہو جائیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔