(ویب ڈیسک ) حرم شریف کی بالائی منزل سے ایک شخص نے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی ہے۔
حرم شریف کی اسپیشل سیکورٹی فورس نے حرم شریف کی بالائی منزل سے نیچے چھلانگ لگانے والے شخص سے متعلق تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق پبلک سکیورٹی نے منگل کے روز جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ حرم شریف کی بالائی منزل سے چھلانگ لگانے والے شخص کو ضابطے کی ضروری کارروائی اور علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس واقعے سے متعلق سرکاری طور پر مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی، جس سے کودنے والے شخص کے عزائم یا قومیت کی شناخت میں مدد مل سکے۔
واضح رہے کہ 2018 میں حرم شریف پے در پے اس طرح کے دو افسوسناک واقعات پیش آئے تھے۔ پہلے ایک فرانسیسی شخص نے حرم شریف کی بالائی منزل سے چھلانگ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا تھا۔
اس کے بعد ایک ایشیائی شخص نے حرم شریف کی بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کی۔ اس شخص کے نیچے گرنے سے مطاف میں موجود ایک زائر بھی زخمی ہوا تھا۔