ویب ڈیسک:پی ٹی آئی احتجاج کیلئے این او سی کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین سے جواب طلب کرتےہوئے سماعت اگست کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج کیلئے این او سی کامعاملے پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے چیف کمشنر کے خلاف عامر مغل کی درخواست پر کی۔پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین اور دیگر عدالت میں پیش ہوگئے۔
وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ انہوں نے تاریخ نہیں دی لیکن 22 اگست کو جلسہ کی تاریخ دی ہے،ہم نے 13اگست مانگی تھی،ہم نے دوبارہ درخواست دائر کی تھی وہ بھی ریجکٹ کر دی ہے، ہم نے نئی پٹیشن دائر کی وہ دوسری عدالت میں آج سماعت ہوئی اور نوٹس ہو گئے ہیں،میری استدعا ہے اس درخواست کو التوا میں رکھا جائے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو توہین عدالت درخواست ہے اس پر ہم اجازت کا حکم نہیں دے سکتے،جواب مانگ لیتے ہیں اس کے بعد دیکھ لیں گے۔
عدالت نے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔