اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کی درخواست مسترد کردی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نےفیصلہ سنادیا۔الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کی درخواست منظور کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کی درخواست مسترد کردی ۔ الیکشن کمیشن میں ایم کیوایم نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن میں دوہری ووٹر فہرستیں استعمال ہورہی ہیں اس لیے بلدیاتی الیکشن نئی ووٹر فہرست پر کرائے جائیں۔ الیکشن کمیشن نے حکم میں کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن پرانی ووٹرلسٹوں پر ہی ہوں گے، چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ الیکشن کے انعقادکےلئےاقدامات کریں۔ خیال رہے کہ 6 جنوری کو الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ گزشتہ سال 22 نومبر کو الیکشن کمیشن نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا ،جس میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023 کو ہوں گے۔