ویب ڈیسک: لکی مروت میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں انڈس ہائی وے پر دریائے کرم کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے کار پر فائرنگ کی گئی جس میں محکمہ پولیس کے ایم ٹی او سعد اللہ خان دو بچوں سمیت جاں بحق ہوگئے، فائرنگ سے کار میں سوار خواتین محفوظ رہیں۔
پولیس حکام کے مطابق قتل ہونے والے بچے ایم ٹی او سعداللہ خان کے بھانجے ہیں، بچوں کی عمریں آٹھ سے بارہ سال کے درمیان ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعد اللہ خان علاج معالجہ کے سلسلے میں لکی مروت سے پشاور جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی نعشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں،جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔