اسلام آباد ( پبلک نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن ( این سی او سی) وفاقی وزیر اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس، وسیع پیمانے پر ویکسینیشن کے حوالے سے این سی او کے اجلاس میں اہم فیصلے۔
این سی او سی کے مطابق ملک گیر ویکسینیشن مہم سہ رخی حکمت عملی کے تحت چلائی جائے گی۔ رضاکارانہ ویکسینیشن قومی حکمت عملی کا پہلا نکتہ ہو گا۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دی جائے گی۔ پبلک سیکٹر کے تمام ملازمین کی ویکسینیشن 30 جون تک مکمل کی جائے گی۔
ویکسینیشن ویریفکیشن کے لئے این سی او سی آئی ٹی کے استعمال سے سرٹیفکیٹس کے اجرا کا نظام رواں ماہ کے اختتام تک مکمل کر لے گا۔ این سی او سی نے ہفتہ میں 2 کے بجائے 1 دن چھٹی کی اجازت دے دی۔
این سی او سی کے مطابق وفاقی اکائیاں چھٹی کے لئے دن کا انتخاب اپنی مرضی سے کر سکتے ہیں۔ 50 فیصد ورک فرام ہوم پالیسی میں نرمی جبکہ دفاتر میں 100 فیصد حاضری کی اجازت دے دی گئی۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتے میں 2 روز کی پابندی ختم کر دی گئی۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد کے بجائے 70 فیصد مسافر بٹھانے کی اجازت دے دی گئی۔