اسلام آباد: پاکستان نے کراچی میں ہندو مندر کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے ہندو مندر میں ناخوشگوار واقعے کےحوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا بیان مسترد کرتے ہیں، بھارت میں ریاستی مشینری کی سرپرستی میں مذہبی انتہا پسند مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں صورتحال برعکس ہے، پاکستان کی حکومت واقعے سے مکمل آگاہ ہے اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے، حملہ کرنیوالوں کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج ہو چکا ہے، ملوث افراد کہ شناخت اور گرفتاریوں کی کوشش جاری ہے،ذمہ دار قانون سے بچ نہیں سکتے،حکومت ان سے پوری قانونی طاقت سے نمٹنے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو مشورہ ہے کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے بنیادی حقوق،زندگی اور عبادتگاہوں کے تحفظ کا جائزہ لے، بھارت میں مسلمانوں کو اقتدار میں موجود ہندوتوا کے علمبرداروں کے حملوں کا سامنا ہے۔