ویبڈیسک: ڈیم فنڈ کی رقم کہاں گئی؟ سابق چیف جسٹس کا بیان سامنے آ گیا.
لاہور میں سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی انٹرنیشنل سطح کا مسئلہ ہے . حکومت کو اس پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے چاہیے ۔ میاں ثاقب نثار نے کہا عوام بے فکر رہیں ڈیم پر پہرا میری ٹیم دے رہی ہے، ڈیم فنڈز کی مد میں جمع ہونے والی رقم اسٹیٹ بنک کے اکاؤنٹ میں ہے ، اس فنڈز پر ماہانہ منافع مل رہا ہے ۔ واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے ملک میں پانی کی قلت کو دور کرنے اور نئے آبی ذخائر بنانے کے لیے ڈیم فنڈ قائم کیا تھا۔سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے 10 جولائی 2018 کو دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ قائم کیا تھا جس میں عوام سے چندہ دینے کی اپیل کی گئی تھی۔ تمام بڑے بینکوں نے اس حوالے سے رقوم کی کٹوتی بھی کی تھی اور چیف جسٹس کو مختلف سرکاری اور پرائیویٹ شخصیات نے بھی اس فنڈ کے لیے عطیات دیے تھے جن میں ملازمین کی ایک یا زیادہ دن کی تنخواہوں کی کٹوتی بھی شامل تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے سات ستمبر 2018 کو چیف جسٹس ثاقب نثار کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے اس مہم کی حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اسی دن اس کا نام ’وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان کا دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ‘ رکھ دیا گیا۔