اسلام آباد: ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نگران وزیر اعظم کیلئے صادق سنجرانی کا نام تجویز کردیا ہے۔ نگران وزیراعظم کے تقرر کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت ہوئی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نگران وزیراعظم کیلئے صادق سنجرانی کا نام بھی تجویز کردیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے نگران وزیر اعظم کے لیے جلیل عباس جیلانی اور تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا گیا ہے، نگران وزیراعظم کے لیے حفیظ شیخ، طارق باجوہ اور کامران ٹیسوری کے نام پر بھی مشاورت ہوئی۔ وزیر اعظم ہاؤس اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے آئین کی روشنی میں قائد حزب اختلاف کو نگران وزیرِ اعظم کی تقرری کیلئے مشاورت کے حوالے سے ملاقات کی دعوت دی تھی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں وزیرِ اعظم اور قائد حزبِ اختلاف کے مابین نگران وزیرِ اعظم کے ناموں پر مشاورت کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم قومی معاملے پر مزید سوچ بچار کے بعد کل، یعنی 11 اگست کودوبارہ مشاورت کی جائے گی۔