لاہور: وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے عمران خان سچے ہیں اس لئے لوگوں نے ساتھ دیا ہے، جیسے قائداعظم سچے اور کھرے تھے اس ہی طرح عمران خان بھی ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماسٹر پلان کا ذکر اکثر سامنے آتا ہے، ماسٹر پلان پی ٹی آئی کے دور حکومت میں شروع ہوا، ن لیگ کے میڈیا سیل نے ماسٹر پلان کے متعلق منفی مہم چلائی۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہباز اور نوازشریف شروع سے ہی 2 نمبر ہیں، شریف برادران نے کبھی ایک نمبر کام نہیں کیا، مستقبل میں کسی کو پنجاب میں ن لیگ نظر نہیں آئے گی، صرف ہمارے کام نظر آئیں گے۔ جو حکمران بے ایمان ہوگا اس کام میں برکت نہیں ہوگی۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان جیسا سچا اور کھرا لیڈر پاکستان میں نہیں ملنا، عمران خان عوام کی بہتری اور بھلائی کے لئے ہر خطرہ مول لے رہے ہیں، ہمیں معلوم ہے عمران خان سچے ہیں اس لئے لوگوں نے ساتھ دیا ہے، جیسے قائداعظم سچے اور کھرے تھے اس ہی طرح عمران خان بھی ہیں۔