ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ حرا خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک ہدایتکار نے رات 11 بجے بلا کر مختصر لباس میں آڈیشن دینے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ حرا خان کا ایک انٹرویو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے کاسٹنگ فراڈ سے بال بال بچ جانے سے متعلق واقعے کا بتایا۔
اداکارہ نے بتایاکہ ’میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھی جس دوران ایک اداکارہ نے بتایا ایک ہدایتکار کو کاسٹ کیلئے ایک لڑکی کی ضرورت ہے، اگر میں چاہوں تو ان سے رابطہ کرلوں جس کے بعد میں نے اداکارہ سے اس ہدایتکار کا نمبر لے لیا اور پھر اس ہدایتکار کو گھر جاکر میسج کردیا‘
’میرے میسج کے بعد ڈائریکٹر نے مجھ سے کام کے بجائے میری دو تصویریں مانگیں اور کہا کہ ہم آپ کا کام نہیں دیکھنا چاہتے بلکہ ڈائریکٹ آڈیشن کیلئے بلانا چاہتے ہیں، اس کے بعد میں نے ان سے پوچھا کہ میں دوسرے دن سہ پہر 3 بجے آڈیشن کیلئے آجاؤں ؟ اس پر ڈائریکٹر نے انکار کردیا اور کہا آپ رات کو 11بجے آجائیں‘۔
ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’مجھے آڈیشن کے دوران مختصر یا بولڈ لباس پہننا ہوگا اور یہ آڈیشن خفیہ ہوگا جس کی ویڈیوز صرف پروڈیوسرز کو بھیجی جائے گی، میں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں آن اسکرین مختصر لباس نہیں پہنتی تو انہوں نے مجھے کہا اس کی فکر مت کریں اس کی ویڈیوز کہیں بھی بھیجی نہیں جائیں گی جس پر میں نے ان کا فون بند کردیا‘۔
اداکارہ کے مطابق ’اس کے بعد میں نے انڈسٹری کے دوسرے ڈائریکٹر کو فون کیا اور انہیں ساری صورتحال بتائی تو انہوں نے مجھے بتایا آڈیشن ایسے نہیں لیے جاتے نہ ہی یہ ڈائریکٹر ہیں، آپ کو دھوکاہورہا ہے‘۔