خوارج سے مقابلے میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ شہید

خوارج سے مقابلے میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ شہید
کیپشن: خوارج سے مقابلے میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ شہید

ویب ڈیسک: پاک فوج کے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کمبائنڈ ملٹری اسپتال پشاور میں شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 9 اگست کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں تین مختلف مقامات پر سیکورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

باغ کے ایک مقام پر لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے مقابلہ کیا اور چار خوارج کو ہلاک کیا۔

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں سی ایم ایچ پشاور میں منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں وہ آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ 24 سالہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک ڈسٹرکٹ اٹک کے رہائشی تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر افسران اور جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خراج عقیدت:

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وادی تیراہ میں خوارج کے ساتھ جھڑپ میں شہید   لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک  کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے بہادری کے ساتھ خارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور 4 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے اپنی قیمتی جان دے کر خارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ شہیدلیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی عظیم  قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے بہادر افسران اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 

Watch Live Public News