پی ڈی ایم کا تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

پی ڈی ایم کا تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا۔ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن اتحاد کا اجلاس ہوا جس میں مریم نواز سمیت دیگر رہنما شہباز شریف کے گھر سے شریک ہوئے جبکہ لندن سے سابق وزیراعظم نواز شریف نے آن لائن شرکت کی۔ سربراہی اجلاس میں لانگ مارچ اور عدم اعتماد سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور حکومت کی حلیف جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ پہلے گراؤنڈ بنائیں گے اور ہوم ورک مکمل کریں گے پھرتحریک عدم اعتماد لائیں گے اور وفاق سے لے کرصوبوں تک جہاں ہوسکا عدم اعتماد لائیں۔ سربراہ اتحاد کا کہنا تھاکہ کہہ چکاہوں کہ میں ہدف ایک ہی رکھوں گا، حالات کا انتظار بھی کرنا پڑتا ہے اور گراؤنڈ تیار کرنے کیلئے مراحل ابھی باقی ہیں، ہم اپنی طرف سے بھرپور کوشش اور جتن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک سے ہم رابطہ نہیں کریں گے، ہم کسی کو لالچ نہیں دیں گے اور نہ پیسے دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ 23 مارچ کا فیصلہ برقرار ہے، اسٹیرنگ کمیٹی تفصیلات طے کرے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق کیا گیا۔ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس سے قبل مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی ملاقات ہوئی جس میں صدر ن لیگ نے سربراہ اتحاد کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ہوئی بات چیت پر اعتماد میں لیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔