(ویب ڈیسک ) کراچی میں نیشنل بینک اسٹیڈیم کا تزین و آرائش کے بعد افتتاح کردیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اسٹیڈیم کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کرکٹ اسکواڈ اسٹیج پر پہنچا اور کھلاڑیوں نے کراچی کے اسٹیڈیم میں بھی چیمپئنز ٹرافی کی کٹ کی رونمائی کی۔
نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے جدید معیار کے ڈریسنگ روم اور ہاسپٹلٹی باکسز تیار کیے گئے ہیں، اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں نشریاتی معیار کی بہتری کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں 2 ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز اور 5 ہزار سے زائد نئی کرسیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
افتتاح کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچ گئی، اسٹیڈیم کو 4 ماہ سے کم مدت میں مکمل کیا گیا جبکہ اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے شہر میں کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے سندھ حکومت کی سابقہ کاوشوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں پی ایس ایل میچز کےلیے نیشنل اسٹیڈیم کی اپگریڈیشن کی گئی تھی ۔
انہوں نے کراچی کے کرکٹ سے والہانہ لگاؤ پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی حکومت ہر سطح پر اس کھیل کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔
مراد علی شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کےلیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے پاکستان کرکٹ ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے شاہین شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں لیکن ہمیں ہمیشہ میدان میں لڑنے کے جذبے کے ساتھ اترنا چاہیے۔
یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا باضابطہ آغاز 19 فروری سے کراچی میں کرکٹ میچ سے ہوگا، ایونٹ کے بعض میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی ہوں گے۔
چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، جس وجہ سے پاکستان اور بھارت کے میچز کے علاوہ بھارت کے تمام میچز یو اے ای میں ہوں گے۔
افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔
ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا، اگر فائنل میں بھارت پہنچا تو ایونٹ کا آخری میچ پاکستان میں نہیں ہوگا۔