ویب ڈیسک:جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے انسانی اسمگلنگ اور دھوکا دہی کیس میں گرفتار سماجی کارکن صارم برنی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق صارم برنی کے خلاف انسانی اسمگلنگ اور دھوکا دہی کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت پر وکلاء اور ایف آئی اے کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سماعت کے دوران ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کے خلاف مزید ثبوت جمع کرنے ہیں، ملزم کو ضمانت دی گئی تو وہ تفتیش پر اثر انداز ہو سکتا ہے، ملزم مسلسل جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے، تفتیش کے دوران مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ بچی کی والدہ کا بیان ہے کہ بیٹی لینے کے لیے صارم برنی سے رابطہ کیا، صارم برنی نے والدہ کو بچی دینے سے انکار کر دیا۔
دوسری جانب ایف آئی اے کے ہیومن ٹریفکنگ سیل نے اینٹی منی لانڈرنگ سیل کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ صارم برنی اور ان کی اہلیہ کے نام پر آنے والی رقم کی تحقیقات کی جائے، صارم برنی کے تمام بینک اکاؤنٹس کی بھی چھان بین کی جائے گی،بیرون ملک سے پاکستان آنے والی رقم کے ذرائع بھی چیک کئے جائیں،بیرون ملک سے آنے والی رقم کے لئے کتنے ملکی اور غیرملکی اکاؤنٹ کھولے گئے۔
خط میں مزیدکہا گیاہے کہ رقم کون کون سے اکاؤنٹس میں پاکستان آئی، صارم برنی نے کراچی میں کہاں کہاں جائیدادیں بنائیں؟تحقیقات کی جائے۔