تحریک ‏عدم اعتماد نے سیاست میں تلخیاں پیدا کردیں

تحریک ‏عدم اعتماد نے سیاست میں تلخیاں پیدا کردیں
اسلام آباد: (پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ‏ اپوزیشن کی بغیر سوچے سمجھے عدم اعتماد کی تحریک نے سیاست میں تلخیاں پیدا کر دی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ہفتہ کو اپنے بیان میں کہا کہ جمہوریت اتنی انتہائی تقسیم کا نظام نہیں ہے اس میں کم از کم اتفاق رائے پر نظام استوار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اتنی تقسیم نہ ہو کہ کسی بھی سبب گفتگو ہی مشکل ہو جائے، لڑنا مشکل نہیں بعد میں صلح مشکل ہوتی ہے۔ یہ بھی پڑھیں: سپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے سپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر اپوزیشن اراکین سے دستخط کرا لیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد جمع ہوگئی تو وہ قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت نہیں کرسکیں گے۔ قبل ازیں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جاچکی ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن اراکین کے درمیان رابطے جاری رکھنے کے لئے قائد حزب اختلاف نے اہم فیصلہ کیا ہے،ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چیمبرہفتہ اور اتوار کو کھلا رہے گا، قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ہدایت پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، اپوزیشن لیڈر چیمبر کے تمام اسٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو حاضری یقینی بنائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین سے کہا گیا ہے کہ چیمبر سے رابطہ رکھیں، پارلیمنٹ لاجز میں گزشتہ روز پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔