چین نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان ’فوری‘ جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔بیجنگ کے خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر مذاکرات پر زور دیا ۔ چین نے فلسطین کی بگڑتی ہوئی سلامتی اور انسانی صورتحال پر "گہری تشویش" کا اظہار کرتے ہوئے متحارب فریقوں کے درمیان "فوری" جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے لیے چین کے خصوصی ایلچی ژائی جون نے کہا کہ "سب سے اہم کام فوری طور پر فائر بندی کرنا اور شہریوں کی حفاظت کرنا ہے۔" چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ژائی نے فلسطین کے نائب وزیر خارجہ امل جدو سے بات کی ، دونوں نے فلسطین اسرائیل کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ژائی نے کہا، " چین فلسطین اسرائیل تنازعہ کی موجودہ شدت کی وجہ سے ہونے والی بے شمار بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں پر بہت غمزدہ ہے۔"انہوں نے کہا کہ "عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کرے تاکہ مشترکہ طور پر حالات کی کشیدگی کو کم کرنے اور فلسطینی عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کی جا سکے۔" ژائی نے مزید کہا کہ "دو ریاستی حل کی بنیاد پر امن کے لیے بات چیت کا دوبارہ آغاز کرنا، ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔"