(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے وفاق اور پنچاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور پنچاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کریں گے، کے پی کے میں جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔
ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ آج چھ مہینے سے زیادہ کا عرصہ ہوا ہے بانی پی ٹی آئی گرفتار ہوئے، چھ ماہ بعد آج میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، وہ ملک کے لئے بہت فکر مند ہیں ، ملک کی معاشی صحت کو بہتر بنانے کے لئے خان صاحب فکر مند ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مطابق اس وقت آئی ایم ایف کے پاس جانا مسئلے کا حل نہیں ہے ، مسئلے کا حل ان کے نزدیک بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کا ملک میں سرمایہ کاری میں ہے۔ اس سب کے لیے ضروری ہے ملک میں سیاسی استحکام ہو۔
ترجمان نے کہا کہ خان صاحب کا کہنا ہے کہ جو عوام نے منڈیٹ دیا ہے اسی کو حکومت کرنے دی جاے اور عوامی منڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، اس وقت ملک کے اوپر منی لانڈری کرنے والوں کو مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو الیکشن جیتا ہے اس کا حق ہے کہ اسکو حکومت کرنے دینا چاہئے ۔
رؤف حسن نے بتایا کہ کے پی کے میں ہمارے پاس دو تہائی اکثریت ہے وہاں علی امین گنڈاپور کو بولا ہے وہ حکومت بنائیں، عوام نے الیکشن میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، ہماری قومی اسمبلی میں 180 سیٹیں ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم دوسرے جماعتوں کے ساتھ بھی بات چیت کرنے کو تیار ہیں، مجھے یہ اہم ذمہ داری دی ہے خان صاحب نے کہ مختلف جماعتوں کے ساتھ رابطہ قائم کروں، کچھ کور کمیٹی کے حوالے سے خان صاحب نے بتایا ہے اس پر بھی عمل درآمدکیا جائے گا۔
رؤف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عامر ڈوگر کو قومی اسمبلی میں چیف منتخب کیا ہے، انٹرا پارٹی انتخابات جتنی جلدی ہو کروا دئیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ کے پی میں ہم حکومت کی تشکیل کی طرف جا رہے ہیں، وفاق اور پنچاب میں ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کریں گے اور حکومت بنائیں گے۔ کے پی کے میں جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔