اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے کیسوں کا جائزہ لینے کیلئے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ملتوی کرکے اس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون ویرینٹ کا پھیلاؤ دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو کھلے یا بند رکھنے سے متعلق فیصلے کے لئے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں ہفتے میں 3 دن کلاسیں لینے اور سمارٹ سلیبس کی تجاویز پر غور کیا جانا تھا۔ کانفرنس میں ویکسینیشن کی صورتحال اور اومیکرون لہر کے بڑھتے کیسز پر بھی تفصیلی بات چیت کی جانی تھی۔ دوسری جانب محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے کہا ہے کہ محفوظ تعلیمی ادارے ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب بھر میں مستقبل کے معماروں کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لئے خصوصی ویکسی نیشن کیمپس لگا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں 100 فیصد ویکسی نیشن کو یقینی بنا کر ہی تعلیمی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھا جا سکتا ہے۔ سکولوں اور کالجز میں بھی موبائل ویکسی نیشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ موبائل ٹیمیں کلاس رومز اور امتحانی مراکز میں جا کر سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ اب تک پنجاب کی 52 فیصد آبادی کو مکمل ویکسینیٹ کر چکے ہیں۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے مزید کہا کہ پنجاب میں ریچ ایوری ڈور ویکسی نیشن مہم کا فیز 2 کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ویکسی نیشن اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے ہی ہم کورونا وائرس کے تمام ویرینٹس کو شکست دے سکتے ہیں۔ پنجاب کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسینیٹ کر کے کورونا وائرس کا مقابلہ کریں گے۔