سدھو موسے والا کا قاتل شوٹر پکڑا گیا

سدھو موسے والا کا قاتل شوٹر پکڑا گیا
ہندوستانی گلوکار شبدیپ سنگھ سدھو جو کہ سدھو موسے والا کے نام سے مشہور تھے ان کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ سدھو موسے والا کے قاتل شوٹر کو بھارتی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کی طرف سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پونے پولیس نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کیس میں نامزد شوٹر سنتوش جادھو کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شوٹر سنتوش جادھو لارنس بشنوئی گینگ کا ایک رکن ہے کہ جس کو 2021ء میں بھی ایک قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پونے پولیس کی طرف سے اب تک مزید معلومات شیئر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق شوٹر سے متعلق مزید تفصیلات جَلد ہی شیئر کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم حملہ آوروں کی طرف سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ دوسری طرف سدھو موسے والا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اُنہیں 30 گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ 2 درجن سے زائد گولیاں اُن کے جسم سے نکالی گئیں۔ یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کے قتل کی سازش، شارپ شوٹر کو سپاری دیدی گئی دوسری جانب بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو لکھے گئے دھمکی آمیز خط کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ لارنس بشنوئی کے گینگ نے ان کے قتل کی سازش تیار کرکے ایک شارپ شوٹر کو سپاری دیدی تھی۔ انڈین میڈیا کے مطابق سلمان خان اور ان کے والد کو موصول ہونے والے دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کے درمیان، یہ بات سامنے آئی ہے کہ اداکار کے گھر کے قریب ایک شارپ شوٹر کو رکھا گیا تھا۔ اس شارپ شوٹر کو گینگسٹر لارنس بشنوئی نے بھیجا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، اس شارپ شوٹر نے ہاکی کیس میں چھوٹے بور کا ہتھیار چھپا رکھا تھا۔ بشنوئی کے گینگ کے ارکان نے اداکار سلمان خان کے روزمرہ کے معمولات جاننے کے لیے ان کے گھر کا چکر لگایا۔ انہیں پتہ چلا کہ مسٹر خان جب سائیکل چلاتے ہیں تو اپنے ساتھ سیکورٹی گارڈز نہیں لے جاتے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ شارپ شوٹر سلمان خان کو قتل کرنے کیلئے مقررہ دن ان کے گھر کے باہر پہنچا تو پولیس کی گاڑی کو دیکھ کر اس نے اپنا منصوبہ ترک کر دیا۔ دریں اثنا، ممبئی پولیس نے اداکار کے والد سلیم خان کو خط پہنچانے میں ملوث افراد کی شناخت کی۔ ملزم سدھیش ہیرامن کامبلے عرف مہاکل سے پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے جو لارنس بشنوئی گینگ کا رکن ہے۔ خط کے دو ابتدائی الفاظ G.B. اور L.B ہیں جسے لارنس بشنوئی اور اس کے کینیڈا میں مقیم معاون گولڈی برار کے ناموں سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم مہاکال نے انکشاف کیا کہ بشنوئی کا ساتھی وکرم براد خط سلیم خان کے پاس لے گیا تھا۔ ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو خط جاری کیا تھا۔ اس کے گینگ کے تین لوگ جالور اور راجستھان سے اس خط کو چھوڑنے کے لیے ممبئی آئے تھے اور ملزم سدھیش ہیرامن کامبلے سے ملے تھے۔ خیال رہے کہ لارنس بشنوئی سدھو موسے والا کے قتل کا اہم ملزم ہے۔ اس نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا ہے کہ اس کے گینگ نے گلوکار کے قتل کی منصوبہ بندی کی اور اسے انجام دیا، لیکن وہ اس میں ملوث نہیں تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔