ویب ڈیسک: بھارتی جیل میں نامناسب رویے کی وجہ سے پاکستانی قیدی حامد خان نے خودکشی کی کوشش کی،حامد خان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں بھارت کی الوار جیل میں حامد خان نامی 60 سالہ پاکستانی شہری نے خودکشی کی کوشش کی،حامد خان اپنی سزا پوری ہونے کے باوجود بھارتی جیل میں قید تھا۔حامد خان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔اس وقت کم از کم 347 پاکستانی شہری بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔
ان میں سے 76 اپنی سزا مکمل کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جا رہا،ان پاکستانی قیدیوں میں سے اکثر بھارت شادی کی غرض سے بھی گئے لیکن قید کر لیے گئے،ان پاکستانی شہریوں پر مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی جیسے من گھڑت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بھارت کی جانب سے یہ غیر انسانی رویہ مودی حکومت کی ظالمانہ پالیسی کی ایک واضح عکاسی ہے،بھارت کو چاہیے کہ اپنے قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے قیدیوں کے ساتھ مناسب رویہ اختیار کرے،ساتھ ہی بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ دوسرے ممالک کے بے گناہ شہریوں کو فوری طور پر رہا کرے۔