گوجرانولہ میں گاڑیوں کا خوفناک حادثہ، 12 مسافر جاں بحق

گوجرانولہ میں گاڑیوں کا خوفناک حادثہ، 12 مسافر جاں بحق
گوجرانوالہ کے علاقے کوٹ لدھا کے قریب ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں 12 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچی اور گاڑیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے کارروائی شروع کردی۔ جاں بحق افراد میں 6 خواتین، ایک بچی اور وین کا ڈرائیور بھی میں شامل ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ خوفناک حادثہ ایک ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا جو سڑک کنارے گاڑی کھڑی کرکے سو گیا۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی دو تیز رفتار گاڑیوں نے اسے ٹکر مار دی۔ گاڑیوں میں پھنسے زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مسافر وین میں 28 افراد سوار تھے جن میں سے بارہ جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گاڑی چلا رہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار گاڑیاں اس سے ٹکرا گئیں جس سے یہ انتہائی خوفناک حادثہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق گوجرانوالہ کے علاقے عالم چوک سے ہے۔ یہ سب لوگ سرگودھا میں ایک عرس کی تقریبات میں شرکت کے بعد اپنے شہر واپس آ رہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کوٹ لدھا میں ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کمشنر اور آر پی او گوجرانوالہ سے افسوسناک واقعہ کے بارے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے حادثے کے ذمہ دار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔