وہ دن دور نہیں جب آزادی کا جشن سرینگر میں منائیں گے

وہ دن دور نہیں جب آزادی کا جشن سرینگر میں منائیں گے
مظفر آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی آرزوں اور امنگوں کا واحد مرکز ہے۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم آزادی کا جشن سرینگر میں منائیں گے۔ یوم آزادی پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کا مبارک دن ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔ آج کے دن دنیا بھر کے ممالک نے دنیا کے نقشے پر ایک نئی ریاست کو ابھرتے ہوئے دیکھا۔ پاکستان کا قیام بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تحریک پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کر کے تاریخ کا دھارہ بدل دیا۔ ہمارے جذبوں ،سوچ اور روح میں نظریہ پاکستان رچا بسا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی آرزوں اور امنگوں کا واحد مرکز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کشمیری اپنی منزل سمجھتے ہیں۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم آزادی کا جشن سرینگر میں منائیں گے۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نظریاتی اور جغرافیائی طور پر نامکمل ہے۔ قراداد پاکستان کی منظوری کے بعد ریاست کے مسلمانوں نے اپنی تحریک آزادی کو تحریک پاکستان سے وابستہ کر دیا تھا۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے مزید کہا کہ آزادجموں و کشمیر کے غیور اور باشعور عوام نے ہمیشہ یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا الحاق حتمی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی حیثیت اور ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی گھناونی کوشش کر رہا ہے۔ کشمیری عوام نے ہندوستان کے ان اقدامات کو رد کر دیا ہے۔ وزیراعظم آزادجموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ آج کے دن کشمیری قوم اپنے سفیر اور وکیل وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بھی خصوصی شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے اقدامات کے بعد مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بہترین انداز میں اٹھایا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کی بہترین ترجمانی کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔