ارشد ندیم کو اب تک کتنا کیش، انعامات مل چکے ہیں، تفصیلات جاری

ارشد ندیم کو اب تک کتنا کیش، انعامات مل چکے ہیں، تفصیلات جاری
کیپشن: ارشد ندیم کو اب تک کتنا کیش، انعامات مل چکے ہیں، تفصیلات جاری

ویب ڈیسک: پیرس اولمپکس 2024 میں سب کی نظریں جیولین تھرو ایونٹ پر تھیں۔ کیونکہ اس ایونٹ میں بھارت اور پاکستان مدمقابل تھے۔ ایونٹ کے فاتح پاکستان کے ارشد ندیم پر اب کافی زیادہ انعامات کی بارش ہو رہی ہے۔ وہ اب تک 30 کروڑ نقد روپے بطور انعام حاصل کرچکے ہیں۔ جبکہ گاڑی، بھینس، فلیٹ اور دیگر تحائف اس کے علاوہ ہیں۔

کچے مکان سے خواب دیکھنے والا ارشد ندیم اب پاکستان کے قومی ہیرو بن چکے ہیں۔ بعض تجزیہ کار تو اس کامیابی کو پاکستان کے 1992 کرکٹ ورلڈ کپ سے بھی بڑا قرار دے رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا 15 کروڑ روپے کا اعلان 

وزیراعظم شہباز شریف نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو 15 کروڑ روپے اور پاکستان کے دوسرے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ہلال امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس کے علاوہ یہ بھی اعلان کیا کہ قومی ہیرو کی انعامی رقم پر ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی۔

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے 10 کروڑ روپے دیدیے

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بھی ارشد ندیم کو 10 کروڑ پاکستانی روپے اور 92.97 نمبر پلیٹ والی گاڑی بطور انعام پیش کی۔ ارشد نے پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر جیولین تھرو کی تھی جس کے بعد انہیں پاکستان کے نام والی 92.97 نمبر پلیٹ والی کار تحفے میں دی گئی۔

سندھ حکومت نے 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا

صوبہ سندھ کی حکومت نے بھی ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ گورنر سندھ نے بھی 20 لاکھ پاکستانی روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ جسے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر دیا جائے گا۔ ارشد کے سسر نے اس تاریخی کامیابی پر ارشد کو ایک بھینس تحفے میں دی ہے۔ پاکستانی اداکار علی ظفر نے بھی انہیں 10 لاکھ پاکستانی روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

ارشد کو زندگی بھر مفت تیل دینے کا اعلان

اسٹارٹ اپ پاکستان کے سی او او ذیشان طیب نے کہا کہ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی کے اعزاز میں ایک ادارے نے انہیں ایک نئی کار اور زندگی بھر مفت ایندھن فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ بھی ارشد ندیم کو دیگر ایوارڈز اور گاڑیاں بطور تحفے میں دینے کا اعلان کیا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے سڑکوں کا نام بھی ارشد ندیم روڈ پر رکھنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

Watch Live Public News